کراچی میں کھلے مین ہولز میں ایک اور بچی کے گرنے کا واقعہ پیش آ گیا۔ تاہم خوش قسمتی سے شہری نے بروقت بچی کو بچالیا۔
شہر قائد میں کھلے مین ہول میں بچوں کے گرنے کے واقعات تھم نہ سکے۔ انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث منگھوپیر تھانے کی حدود میں جمعہ کو کھلے مین ہول میں ایک اور بچی گر گئی۔
منگھوپیر کے علاقے گرم چشمہ یونین کمیٹی نمبر 2 میں نجی اسکول کی پہلی جماعت کی طالبہ اچانک کھلے مین ہول میں گر گئی۔ بچی کو مین ہول میں گرتے ہوئے شہری نے دیکھ لیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بحفاظت گٹر سے نکالنے میں کامیاب ہوا۔
گٹر میں گرنے والی بچی کی شناخت عنایہ امین کے نام سے ہوئی۔ نجی اسکول کے باہر کھلا مین ہول 4 سے 5 فٹ گہرا تھا جس میں پانی کا بہاؤ انتہائی کم تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بچی کے والدین موقع پر پہنچ گئے۔ ایس ایچ او منگھوپیر نے کہا کہ علاقے میں متعدد گٹروں کے ڈھکن موجود نہیں ہیں۔ بچی کھلے مین ہول میں پھسل کر گری تو موقع پر موجود شہری نے اسے بچالیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی والوں کو اڈیالہ جیل کے باہر امن خراب نہیں کرنے دیں گے، عطا اللہ تارڑ
ٹاؤن چیئرمین نواز بروہی بھی حادثے کے بعد موقع پر پہنچے اور کہا کہ گٹر کے ڈھکن یوسی چیئرمینز کو دیئے گئے تھے۔ تاہم انہوں نے ابھی تک کیوں نہیں لگائے معلوم کیا جا رہا ہے۔
