معروف اداکارہ بینا مسرور طویل فنّی سفر کے بعد 67 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
اداکارہ بینا مسرور کے صاحبزادے اور اداکار پارس مسرور نے سوشل میڈیا پر والدہ کے انتقال کی اطلاع دی اور مداحوں سے ان کی مغفرت کی دعا کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ والدہ کی محبت، رہنمائی اور نصیحتیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔

معروف ٹک ٹاکر پیاری مریم انتقال کر گئیں
سینئر اداکارہ سکینہ سمو نے بینا مسرور کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ بینا کو ہمیشہ ایک روشن، ذہین شخصیت کے طور پر یاد رکھا جائے، ان میں ایک ایسا وقار تھا جو ہر شخص کے ساتھ برقرار رہتا تھا جس سے وہ ملیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے اور ان کے خاندان کو اس عظیم نقصان کے وقت صبر اور ہمت دے۔

یاد رہے کہ بینا مسرور نے پاکستان ٹیلی ویژن سمیت متعدد ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے پہچان بنائی۔ ان کے نمایاں ڈراموں میں بنجارا، بیٹیاں، طرب، عشق نہیں آسان، آنگن، اگر اور جانِ جہاں شامل ہیں۔ ان کی مضبوط اداکاری نے انہیں ناظرین کے دلوں میں ایک منفرد مقام دیا۔
اداکارہ صرف فن تک محدود نہیں تھیں بلکہ تعلیمی لحاظ سے بھی نمایاں رہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سندھ سے تعلیم حاصل کی اور علم سے گہری وابستگی رکھتی تھیں۔
