سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ الحمداللّٰہ پاکستانی قوم کو مبارک، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس تقرری ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ جیسے کہا تھا ویسے ہی 72 گھنٹوں سے پہلے یہ بات سچ ثابت ہوئی۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پہلے بھی جو کچھ کہا وہ سچ ثابت ہوا، انشااللّٰہ آگے بھی جو کہوں گا وہ درست ثابت ہو گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری منظوری کے بعد ایوان صدر بھجوا دی ہے۔
ایوان صدر بھجوائی گئی سمری کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔ اور یہ تعیناتی پانچ سال کے لیے ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف آف ایئر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: سزا یافتہ قیدی سے جیل قوانین کے مطابق سیاسی ملاقاتیں ممنوع ہیں، اعظم نذیر تارڑ
اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ 5 سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہو گا۔
