وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے خبردار کیا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیا میں سرگرم جرائم پیشہ گروہ پاکستانی شہریوں کو جعلی ملازمتوں کے جال میں پھنسا رہے ہیں.
ایف آئی اے کے مطابق یہ گروہ تھائی لینڈ، میانمار، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا میں کام کرتے ہیں اور پاکستانیوں کو زیادہ تنخواہوں اور فوری روزگار کے جھانسے میں بلاتے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محمود علی کھوکھر نے بتایا کہ ایسے جھوٹے ملازمت ناموں پر جانے والے کئی پاکستانی وہاں پہنچ کر سائبر اور مالیاتی جرائم پر مجبور کر دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ نیٹ ورکس متاثرہ افراد کے پاسپورٹ ضبط کر لیتے ہیں، انہیں دھمکیاں دیتے ہیں اور تعاون نہ کرنے کی صورت میں ان کے اہل خانہ سے رقم بٹورتے ہیں۔
مسافروں کو بغیر وجہ آف لوڈ نہیں کیا جاتا، ایف آئی اے
کھوکھر نے تمام روزگار کے خواہشمند افراد سے اپیل کی کہ بیرون ملک ملازمت کی کوئی بھی پیشکش سرکاری ذرائع سے تصدیق کے بغیر قبول نہ کریں اور ایسے کسی بھی مشکوک معاملے کی اطلاع سفر سے پہلے ایف آئی اے کو دیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بظاہر فائدہ مند دکھائی دینے والی پیشکش حقیقت میں خوفناک صورت اختیار کر سکتی ہے۔
