سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کی نیپا چورنگی پر مین ہول میں گر کر بچے کی موت کی عدالتی انکوائری کی درخواست پر سماعت 5 دسمبر کو مقرر کردی۔
یہ درخواست سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے دائر کی، جس میں میئر کراچی سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
مین ہول میں گر کر جاں بحق بچے کے والد کا گٹروں کے ڈھکن خود لگوانے کا اعلان
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سانحہ نیپا چورنگی کی حقیقت سامنے لانے کے لیے سیشن جج سے عدالتی انکوائری کرائی جائے۔ مزید استدعا کی گئی ہے کہ میئر کراچی اور 25 ٹاؤن چیئرمینوں سے کھلے مین ہولز اور متعلقہ ریکارڈ طلب کیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ سانحے کے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا جائے۔
