پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس کے معاملات میں مداخلت نہ کرے کا اعلان کر دیا۔ تاہم صوبے کے امن کے لیے نتائج بھی مانگ لیے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس فورس اور سول افسران کی مشترکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔ اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز سے ناپی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا کام انصاف دینا ہوتا ہے وہ انصاف نہیں دے پاتے۔ جس کی وجہ سے معاملات خراب ہوتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا ہے۔ اور ہم نے عوام کے لیے یہی فیصلہ سازی بھی کرنی ہے۔ ہر حال میں خیبر پختونخوا کا امن بحال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو ہنگامی بنیادوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اور پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے۔ جبکہ وسائل کی کمی کو سیکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔ ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گٹر میں بچے کے گرنے کا معاملہ، وزیر اعلیٰ سندھ کی متعلقہ افسران کو معطل کرنے کی ہدایت
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی ہیں۔ اور خیبرپختونخوا گزشتہ 4 دہائیوں سے دہشتگردی کی زد میں ہے۔ پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اور دہشتگردی کے خلاف قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
