سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے انچ برابر کوئی مزید ہڑا ہُڑی کی تو بچی کچی سیاست گورنر راج سے ختم کر دی جائے گی، 9 مئی کے جو دہشتگرد کے پی میں چھپے ہوئے ہیں ان سمیت سب اپنی خیر منائیں۔
ایکس سے جاری پیغام میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے مطابق فیملی کو ملاقات کی اجازت حال احوال کے لیے ہے، آئین اور قانون کے مطابق وکیل کو کیس سے متعلق ملنے کی اجازت ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی ملاقاتیں ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیملی ملاقاتیں سیاسی پیغام پر مشتمل ہو رہی ہیں، اب سے وہ بھی بند کر دی جائیں گی، وکلاء نے کیس کے علاوہ کوئی سیاسی پیغام دیا تو وہ بھی بند کر دی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اشتعال پھیلانے والی پارٹی اس دوراہے پر لے آئی ہے کہ واپسی اب مشکل ہے، اب کیسز اور چیزوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
عمران خان سے سیاسی نوعیت کی ملاقاتیں ممکن نہیں، فیصل واوڈا
فیصل واوڈا نے کہا کہ ذہن کی گندگی ہے کہ بلا جواز اپنے ملک کو عدم استحکام اور اپنی فوج کو بدنام کرتے ہیں، ملک کو عدم استحکام اور اپنی فوج کو بدنام کرنے کی سازش کو سختی سے روکا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصولاً پیار کے بدلے ڈبل پیار، عزت کے مطابق ڈبل عزت اور بدمعاشی کا جواب ڈبل بدمعاشی سے۔
