وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں محکمانہ احتساب کا عمل تیز کر دیا گیا ، متعدد افسران اور اہلکاروں کو غفلت برتنے پر سزائیں دی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق 2023 کے یونان کشتی حادثے میں غفلت برتنے پر کراچی ایئرپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جبکہ فیصل آباد ایئرپورٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔
لیبیا کشتی حادثہ، ایف آئی اے کی کاروائیاں، 30 افسران معطل
ملتان ایئرپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو انسانی اسمگلرز سے مبینہ روابط پر تین سال کے لیے عہدے اور تنخواہ میں تنزلی کی سزا دی گئی۔ ناقص تفتیش پر دو سینئر انویسٹی گیٹرز اور غفلت پر ایک اسسٹنٹ ڈیٹابیس ایڈمنسٹریٹر کو بھی برطرف کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق چار اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک انسپکٹر کو غیر حاضری اور ناقص تفتیش کے باعث تنخواہ کے پے اسکیل میں ایک سے تین سال کے لیے کمی کی سزا دی گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک قیدی سے نامناسب سلوک (مس ہینڈلنگ) پر ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انسپکٹر کی سرزنش کی گئی۔
کراچی، ایف آئی اے کی کارروائی، غیرملکی کرنسی برآمد، ملزمان گرفتار
سیکرٹری داخلہ نے محکمانہ اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے چھ سب انسپکٹرز کی اپیلیں مسترد کر دیں اور ان کی معطلی کی سزا برقرار رکھی۔
اسی طرح ایک اے ایس آئی، تین ہیڈ کانسٹیبلز اور پانچ کانسٹیبلز کی برطرفی کے خلاف دائر اپیلیں بھی مسترد کر دی گئیں۔ غیر حاضری کے ایک کیس میں ایل ڈی سی کی اپیل بھی رد کر دی گئی اور اس کی برخاستگی برقرار رکھی گئی۔
