ڈھاکا: بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کی حالت اتنہائی تشویشناک ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اور ان کے اہلخانہ اور پارٹی ارکان نے ان کی صحت یابی کے لیے دُعاؤں کی اپیل کر دی۔
خالدہ ضیا کو گزشتہ ہفتے پھیپھڑوں میں انفیکشن کی علامت ظاہر ہونے کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
سابق وزیر اعظم کی پارٹی بی این پی کے رکن مرزا فخر العالمگیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے خالدہ ضیا کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق خالدہ ضیا کو دل کے مسائل، جگر اور گردے کی بیماریوں، ذیابیطس، پھیپھڑوں کی بیماری، جوڑوں کا درد اور آنکھوں سے متعلق بیماریاں لاحق ہیں۔
خالدہ ضیا کے بڑے بیٹے طارق رحمان 2008 سے لندن میں مقیم ہیں۔ اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کی صحت یابی کے لیے بنگلا دیشی عوام سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار: آسٹریلوی وزیر اعظم کی دوران اقتدار برسوں پرانی ساتھی سے شادی
واضح ہے کہ خالدہ ضیا تین مرتبہ بنگلا دیش کی وزیر اعظم رہ چکی ہیں۔ انہیں 2018 میں شیخ حسینہ کی حکومت نے کرپشن کے الزامات میں قید کیا تھا۔ اور انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
