ڈبلز ایونٹ کے اختتام پرپاکستان کے نامور ٹینس اسٹار اعصام الحق نے انٹرنیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اعصام الحق نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا اور متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھا کر پاکستان کو اعزازات دلوائے۔
اپنے الوداعی خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے بھرپور لگن، جذبے اور فخر کے ساتھ کھیل پیش کیا اور یہ لمحے ان کی زندگی کا سب سے بڑا اثاثہ رہیں گے۔
اعصام الحق نے بین الاقوامی ٹینس کو باقاعدہ طور پر الوداع کہہ دیا
اعصام الحق نے کہا کہ شائقین نے انہیں ہرمقام پر بے مثال محبت دی، جسے وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتے، ٹینس کے کھیل سے ان کی وابستگی اورمحبت ہمیشہ برقرار رہے گی اوروہ مستقبل میں بھی پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
قومی ٹینس اسٹار نے اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ اپنے خاندان، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کو دیا جنہوں نے ہر موڑ پر ان کا حوصلہ بلند رکھا۔
اعصام الحق کے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے شائقین کو جذباتی کردیا، تاہم ملک میں ٹینس کے مستقبل کے لیے اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
