ایئر بس کی جانب سے دنیا بھر میں استعمال ہونے والے 6 ہزار اے320 طیاروں کی فوری مرمت کی ہدایت کے بعد بیشتر ممالک نے اس طیارے کی پروازیں روک دی ہیں جس سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
بھارت کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے ملک کی تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئر بس اے320 فیملی کے طیارے مرمت مکمل ہونے تک پرواز کیلئے استعمال نہ کریں۔
یہ اقدام یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی ڈائریکٹو کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق مرمت کا عمل تاخیر کا باعث بن سکتا ہے، جس کے نتیجے میں فلائٹس کی منسوخی یا تاخیر کا امکان ہے۔
اس حکم سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ایئر لائنز میں ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو شامل ہیں۔
یہ کمپنی کی تاریخ کی بڑی حفاظتی کارروائیوں میں سے ایک قرار دی جارہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس خرابی کے سبب مصروف سفری ایام میں عالمی فضائی آپریشن متاثر ہوگا۔
ایئر بس کی جانب سے جاری بلیٹن کے مطابق مسئلہ زیادہ تر سافٹ ویئر سے متعلق ہے اور اس کا حل نسبتاً سادہ ہے۔ تاہم کسی بھی طیارے کو مرمت مکمل کیے بغیر مسافروں کے ساتھ پرواز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ طیارے صرف مرمت مراکز تک لے جانے کیلئے اڑان بھر سکیں گے۔
امریکی ایئرلائن امریکن ایئرلائنز نے بتایا کہ اس کے 480 میں سے 340 اے320 طیاروں کو فوری سافٹ ویئر فکس کی ضرورت ہے، جس میں تقریباً دو گھنٹے لگتے ہیں۔
اسی طرح جرمن لفتھانسا، برطانیہ کی ایزی جیٹ اور بھارت کی انڈیگو نے بھی بیڑے میں شامل طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دنیا بھر میں اس وقت 11 ہزار 300 سے زائد اے320 فیملی کے طیارے آپریشنل ہیں، جن میں سے بڑی تعداد امریکا، چین، یورپ اور بھارت میں استعمال ہورہی ہے۔
