ایف آئی اے (FIA)نے مسافروں کی آف لوڈنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی من گھڑت اور گمراہ کن خبروں کو مسترد کردیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری عوامی آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے ایسے جھوٹے اور من گھڑت دعوے پھیلا رہے ہیں کہ ادارہ بلاجواز مسافروں کو آف لوڈ کر رہا ہے، جس کا مقصد ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔
کراچی، ایف آئی اے کی کارروائی، غیرملکی کرنسی برآمد، ملزمان گرفتار
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف انہی مسافروں کو آف لوڈ کرتا ہے جن کے سفری دستاویزات مشکوک، نامکمل یا جعلی ہوں، یا جن کے سفر کا مقصد غیر واضح یا قانون کے خلاف ہو۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کی چند اہم وجوہات یہ ہیں جن میں جعلی یا نامکمل پاسپورٹ، سفر کے مقصد سے متعلق مشکوک یا متضاد معلومات، انسانی اسمگلنگ یا غیر قانونی نیٹ ورک سے تعلق کا شبہ،بلیک لسٹ یا واچ لسٹ میں نام شامل ہونا اور ماضی میں کسی غیر قانونی سرگرمی، جرم یا اووراسٹے ہوں۔
ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ جن مسافروں کے دستاویزات مکمل، تصدیق شدہ اور درست ہوں اور جن کا سفر قانونی اور واضح مقصد کے تحت ہو، انہیں آف لوڈ نہیں کیا جاتا۔
ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ گرفتار
ایف آئی اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی ٹریول ایجنٹس اور جعلی مشیروں پر ہرگز اعتماد نہ کریں اور بیرون ملک سفر سے قبل اپنے تمام کاغذات کی مکمل تصدیق یقینی بنائیں۔
غلط معلومات پھیلانے اور ادارے کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
مراکش کشتی حادثہ، ایف آئی اے کے 20 اہلکاروں کیخلاف تحقیقات شروع
کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایت کے لیے مسافر ایئرپورٹ پر موجود ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن سے رابطہ کر سکتے ہیں یا ایف آئی اے کی ہیلپ لائن 1991 پر کال کی جا سکتی ہے۔
