کراچی: سندھ حکومت نے کراچی سرکلر ریلوے اور ہائی اسپیڈ ٹرین کے لیے عالمی بینک سے تعاون کی اپیل کر دی۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اربن موبلٹی کی بہتری، ٹرانسپورٹ سسٹم کی مضبوطی اور مختلف ماڈلز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
شرجیل میمن نے کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ٹرین کو حکومت سندھ کے اہم اہداف قرار دیتے ہوئے ان منصوبوں کے لیے عالمی بینک سے تعاون کی اپیل کر دی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبے سندھ کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ جبکہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ عالمی بینک ان منصوبوں میں تعاون کرے۔
شرجیل میمن نے عالمی بینک کے تعاون سے جاری ریلوے لائن بی آر ٹی منصوبے پر وفد کو بریفنگ دی۔ اور کہا کہ ریلوے لائن کے اہم حصے تاج حیدر پل کا ایک حصہ مکمل ہو چکا ہے۔ جبکہ دوسرے حصے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن بی آر ٹی سے متعلق فیصلے عوام اور منصوبے کے مفاد کو سامنے رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے عالمی بینک سے مزید اور بروقت تعاون کی اپیل ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو سستی اور تیز ترین سفری سہولیات دینا حکومت سندھ کا واضح عزم ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے حوالے کی گئی ہے۔ اور حکومت سندھ کے زیر انتظام اس کی یومیہ رائڈرشپ میں 33 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔
کراچی: ایک ماہ میں 93 ہزار سے زائد ای چالان، خزانے میں کروڑوں روپے کی غیر معمولی آمدن
انہوں نے کہا کہ کراچی میں اربن موبلٹی کے لیے مزید بسوں کی ضرورت ہے۔ اور اس شعبے میں عالمی بینک کی معاونت اہم ہو سکتی ہے۔
