انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عارضی عدالتی تحویل میں لینے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی۔
عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کے بارے میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا جواب سامنے آ گیا
سماعت کے دوران علیمہ خان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ہمارے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اسلئے ہمیں جانے کی اجازت دی جائے جس پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کریمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہے۔
علیمہ خان عدالت سے باہر نکلیں تو خواتین پولیس اہلکار تحویل میں لے کر عدالت کے اندر لے گئیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ عدالتی احاطے سے باہر نہ جائیں۔ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچ گئے۔
جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس ، شبلی فراز مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار
بعد ازاں علیمہ خان نے 10،10 لاکھ کے دو ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائے جس پر عدالت نے انہیں جانے کی اجازت دے دی ۔عدالت نے وکلاء صفائی کی استدعا پر مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ عدالت 26 نومبر کے مقدمے میں کئی بار علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔
