واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے سال اپریل میں چین کا دورہ کریں گے۔
ٹرمپ کے مطابق چینی صدرشی جن پنگ کے ساتھ حالیہ گفتگو بہت مثبت اورتعمیری رہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اورعالمی اہمیت کے حامل موضوعات پرتبادلۂ خیال کیا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے روس اور یوکرین کے حالات، فینیٹائل، سویابین اورفارم پراڈکٹس سمیت دیگر اہم اقتصادی اور تجارتی امور پربھی بات چیت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر نے امریکی دورے کی دعوت قبول کرلی ہے اور آئندہ سال وہ بھی امریکہ کا دورہ کریں گے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیراعظم سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا اورعالمی سطح پراقتصادی و تجارتی شراکت داری کومضبوط کرنا ہے۔
ٹرمپ نے یقین دلایا کہ اس دورے کے دوران اہم معاہدے اور تعاون کے منصوبے طے پائیں گے، جو دونوں ممالک اور خطے کے مفاد میں ہوں گے۔
سیاستدانوں اور تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ عالمی سیاست اور اقتصادی تعلقات پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے، خاص طور پر تجارتی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے۔
