کراچی: شہر قائد میں ٹریفک پولیس نے غیرقانونی یا جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔
کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ دسمبر 2025 تک اپنی گاڑیوں کے لیے باضابطہ نئی نمبر پلیٹس حاصل کر لیں۔ بصورت دیگر وقت گزرنے کے بعد غیر قانونی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کو ضبط کر لیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی پولیس جلد ایک جامع کریک ڈاؤن شروع کرے گی۔ جس میں ان تمام گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جن پر غیرقانونی یا جعلی نمبر پلیٹس لگی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہری 5 دسمبر تک اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن تفصیلات اور نمبر پلیٹس درست کروا لیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد کسی بھی گاڑی پر غیرقانونی نمبر پلیٹ موجود ہوئی تو اسے ضبط کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے 31 اکتوبر تک نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ تاہم مدت ختم ہونے کے بعد اس میں مزید دو ماہ کی توسیع کی گئی جو 31 دسمبر کو ختم ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے اسد قیصر کے بیان کا نوٹس لے لیا
کراچی میں نیا نمبر پلیٹ سسٹم اجرک ڈیزائن والی سیکیورٹی پلیٹس پر مشتمل ہے۔ جس میں جدید تکنیکی خصوصیات جیسے آر ایف آئی ڈی چپس، لیزر سیریل اور بارکوڈ شامل ہیں۔ سندھ حکومت نے ان کا استعمال لازمی قرار دیا ہے اور نئی نمبر پلیٹس کے بغیر کسی بھی گاڑی کو جرمانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔
