بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل کی انجری نے ٹیم انڈیا کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے، کیونکہ امکان ہے کہ وہ سال 2025 کے بقیہ میچز میں میدان میں نظر نہیں آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق شبمن گل گردن کی انجری کے باعث پہلے ہی جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل رہے۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ ان کی فٹنس کے معاملے میں کسی بھی قسم کی جلد بازی سے گریز کر رہی ہے۔ کولکتہ ٹیسٹ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے گل ریٹائر ہرٹ ہو گئے تھے اور دوسری اننگز میں بھی میدان میں واپس نہیں آئے، جبکہ گوہاٹی ٹیسٹ میں ان کی جگہ رشبھ پنت کپتانی کر رہے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شبمن گل کی انجری ابتدا میں لگنے والے اندازے سے زیادہ سنگین ثابت ہوئی ہے۔ وہ نہ صرف جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہیں بلکہ پورے سال کسی بھی فارمیٹ میں واپسی کا امکان بہت کم ہے۔
ذرائع کے مطابق گل کو اعصاب کی چوٹ لاحق ہے، انہیں انجیکشن دیے جا رہے ہیں اور جلد ہی ان کی بحالی کا عمل شروع ہوگا۔
شبھمن گِل جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر
ٹیم مینجمنٹ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط سے فیصلے کر رہی ہے تاکہ کھلاڑی کی فٹنس کو مزید نقصان نہ پہنچے۔
ممکنہ طور پر شبمن گل 2026 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے واپسی کر سکتے ہیں۔
بھارت جنوری میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا جو ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کا اہم حصہ ہوں گے۔ خیال رہے کہ شبمن گل اس وقت بھارت کی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیموں کے کپتان جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے نائب کپتان ہیں۔
