گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی، جس میں ملکی سکیورٹی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ بات چیت مکمل طورپرانتظامی معاملات پرمبنی تھی اورکسی قسم کی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔
فیصل کریم کنڈی نے ضمنی انتخابات میں عوامی دلچسپی کم ہونے سے متعلق سوال پربتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے اس کی وجوہات سے آگاہ کیا، جن میں انتخابی تھکن، سیاسی عدم استحکام اورموجودہ حالات شامل ہیں، انتخابی عمل مضبوط بنانے کے لیے تمام اداروں کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔
پی ٹی آئی کا پنجاب میں ضمنی الیکشن سے بائیکاٹ کے باعث ٹرن آؤٹ کم رہا، وزیراطلاعات خیبر پختونخوا
گورنر نے ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاورپرحملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر بڑی تباہی کو روکا، جس پرقوم کو ان پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزوقت کی ضرورت ہیں اوراس سلسلے میں پاک فوج کا کردارانتہائی اہم ہے، حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان باشندے ملوث پائے گئے، جس بارے میں افغانستان کو واضح طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اوراسرائیل پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے خطے میں مؤثرسفارتی و سکیورٹی تعاون ناگزیر ہے۔
