ایف سی ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہو گیا، تینوں دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں دہشتگرد افغانی تھے، ان سے ہتھیار و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب پولیس نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ایک خودکش حملہ آور پیدل چلتا ہوا سنہری مسجد روڈ کی جانب سے ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے مرکزی گیٹ کے سامنے پہنچا، خودکش حملہ آور نے چادر اوڑھ رکھی تھی۔
خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے ناکے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا، مرکزی گیٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے، دھماکے سے مرکزی گیٹ کو نقصان نہیں پہنچا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق دھماکے کے فوری بعد شلوار قمیض میں ملبوس دو حملہ آور سائیڈ گیٹ سے ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہوئے، دونوں خودکش حملہ آوروں کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرنیڈ بھی تھے۔
پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، تینوں حملہ آور مارے گئے
خودکش حملہ آور اندر داخل ہونے کے بعد دائیں جانب مڑے اور موٹر سائیکل اسٹینڈ پہنچے، خودکش حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں کو مرکزی گیٹ کے تیس سے چالیس میٹرز کے اندر ہی مار دیا گیا، دہشتگردوں کا مقصد لوگوں کو یرغمال بنانا تھا، رپورٹ کے مطابق ایف سی ہیڈ کوارٹرز کو کلئیر کردیا گیا ہے۔
