اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شہریوں سے سڑکوں پر لگے سیکیورٹی روٹس برداشت کرنے کی درخواست کر دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران سیکیورٹی حصار حفاظت کے لیے لگائے جاتے ہیں۔ اور سیکیورٹی حصار ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے تسلسل کے لیے لگائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری معمولی دیر کی زحمت کو مثبت انداز میں لیں۔ کیونکہ یہ سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے ضروری ہے۔ اکثر شہری ٹریفک جام کی شکایت کرتے ہیں۔ لیکن اس وقت میں خود بھی روٹ پر موجود ہوں اور ٹیمیں یہاں سے گزر رہی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کرکٹ بڑی محنت اور جدوجہد کے بعد پاکستان میں واپس آئی ہے۔ اور کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے سب کا تعاون ضروری ہے۔ سری لنکا میں بھی ایل ٹی ٹی ای کی وجہ سے سخت سیکیورٹی انتظامات معمول رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: منشیات کے دھندے میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث ہیں، اختیار ولی خان
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں معاملات پر فوری تنقید کا رجحان ہے۔ بعض اوقات 15 منٹ سے 20 منٹ تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ لیکن اسے اچھے تناظر میں لینا چاہیے۔ حالات مسلسل بہتر ہو رہے ہیں۔ اور مستقبل میں ایسی زحمتیں کم سے کم ہو جائیں گی۔
