بھارت نے کولمبو میں نیپال کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پہلا بلائنڈ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیپال کو 114 رنز تک محدود رکھا۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 12 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا کر باآسانی فتح حاصل کر لی اور ایونٹ کی ناقابلِ شکست چیمپئن قرار پائی۔
اپنی نوعیت کے اس پہلے ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا، پاکستان، سری لنکا اور امریکا نے بھی شرکت کی۔
بھارت کی پھولا سارین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جب کہ نیپال کی طرف سے سريتا گھمیری 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
India creates history! 🇮🇳
Our women’s blind cricket team defeats Nepal to win the Women’s Blind World Cup title! 🏆
A proud moment celebrating courage, talent and determination. Congratulations, Team India! 🇮🇳💙 @narendramodi @BCCI #INDvsNEP #Final #BlindCricket #TeamIndia pic.twitter.com/riVQZqqxLH
— Differently Abled Cricket Council of India (@dcciofficial) November 23, 2025
یہ ٹورنامنٹ سری لنکا اور بھارت نے مشترکہ طور پر منعقد کیا اور فائنل سری لنکا کے قدیم ترین ٹیسٹ گراؤنڈ پی سراوانامُتّھو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
بلائنڈ کرکٹ میں سفید پلاسٹک کی گیند استعمال کی جاتی ہے جس میں بال بیئرنگز ہوتی ہیں تاکہ لڑھکتے وقت آواز پیدا ہو اور کھلاڑی اس کا اندازہ لگا سکیں۔
بولر گیند پھینکنے سے پہلے بیٹر سے پوچھتا ہے کہ آیا وہ تیار ہے، اور پھر گیند پھینکتے وقت “پلے” کی آواز لگاتا ہے۔
🚨 Nepal beat Pakistan by 7 wickets in the semifinal of the Women’s Blind T20 World Cup 2025! 🤯
Nepal will face India in the final today. pic.twitter.com/QGskdkUDi6
— ICC Asia Cricket (@ICCAsiaCricket) November 23, 2025
کھیل کے قوانین عام کرکٹ جیسے ہیں، لیکن ہر ٹیم میں کم از کم 4 مکمل نابینا کھلاڑی شامل کرنا لازمی ہوتا ہے اور سب کھلاڑی آنکھوں پر پٹی باندھتے ہیں۔
فیلڈرز اپنی پوزیشن بتانے کے لیے ایک بار تالیاں بجاتے ہیں۔ جزوی نظر رکھنے والے کھلاڑیوں کو بی 2 اور بی 3 کی کیٹیگری میں رکھا جاتا ہے، جب کہ بی 1 یعنی مکمل نابینا کھلاڑی کے کیے گئے رنز 2 شمار ہوتے ہیں۔
