بھارتی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رونیت رائے نے مداحوں کو حیران کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے وقتی طور پر دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
60 سالہ اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ دنیا کی تیز رفتار نے ہر کسی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، ایسے میں کبھی کبھی بڑے فنکاروں کو بھی پیچھے ہٹ کر سانس لینے کی ضرورت پڑتی ہے۔
رونیت رائے نے کہا کہ وہ کچھ عرصہ سوشل میڈیا سے الگ رہ کر خود پر توجہ دینا چاہتے ہیں، ذہنی توازن برقرار رکھنا اور خاموشی میں وقت گزارنا اُن کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ مسلسل مصروفیات اور آن لائن شور کے درمیان خود کو کھونا بہت آسان ہے، اسی لیے یہ وقفہ اُن کے لیے ناگزیر ہوچکا تھا۔
اداکار و ماڈل حسن احمد نے اپنے اغوا کی دل دہلا دینے والی روداد سنا دی
اداکار نے مزید لکھا کہ سوشل میڈیا نے انہیں بے پناہ محبت، عزت اور یادگار لمحات دیے، جنہیں وہ ہمیشہ سنبھال کر رکھیں گے تاہم اس وقت انہیں خاموشی، یکسوئی اور ذہنی سکون درکار ہے۔
اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ الوداع نہیں، صرف ایک عارضی بریک ہے، وہ جلد نئی توانائی اور مقصد کے ساتھ واپس آئیں گے۔
رونیت رائے کے اس فیصلے کو مداحوں کے ساتھ بالی ووڈ اداکاروں نے بھی بھرپور حمایت دی ہے اور اُن کے حق میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
