لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتیں کروانے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ کبھی کسی سرکاری افسر کے کام میں مداخلت نہیں کرتیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سہیل آفریدی کی جانب سے لکھے گئے خط پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق سیاسی اجلاسوں کی اجازت نہیں ہوتی۔ اور جیل سپریٹنڈنٹ ہی فائنل اتھارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہفتے میں دو دن ملاقاتیں ہوتی ہیں۔ اور ابتک بانی پی ٹی آئی سے ان کے وکلا کی 420 اور فیملی کے لوگوں کی 189 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے اہلخانہ کی ملاقاتیں اس سے الگ ہیں۔ لیکن اس کے باوجود ہر ہفتے جیل کے باہر جلسہ کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کے تمام دفاعی اجلاسوں میں شرکت کروں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ہمیں قانون پڑھانے سے پہلے خود قانون پڑھیں۔ سہیل آفریدی 9 مئی کے سزا یافتہ مجرموں کے ساتھ کھڑے ہوکر جلسے کرتے ہیں۔ اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
