پاکستانی نوجوان ریپر طلحہ انجم نے نیپال میں کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم اٹھانے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلحہ انجم نے بتایا کہ پرفارمنس کے دوران ایک شخص نے اچانک ان کے ہاتھ میں بھارتی جھنڈا تھما دیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اس جھنڈے کو لہرا نہیں رہے تھے بلکہ چند لمحوں کے لیے کاندھے پر رکھا تھا، جس کی ویڈیو سامنے آتے ہی تنازع پیدا ہوگیا۔
طلحہ انجم نے بتایا کہ اسٹیج کی صورتحال بالکل مختلف ہوتی ہے، اس وقت وہ اپنے مقبول گانے “کون طلحہ” پر پرفارم کررہے تھے، اور ایک بھارتی ریپر بھی اسٹیج پر آکر ان کی سپورٹ کر رہا تھا۔ اسی دوران ایک نوجوان نے پرچم تھمایا، تو انہوں نے احتراماً اسے پکڑ لیا اور حاضرین کی آواز پر دوستی کا پیغام دے دیا۔
ریپر نے کہا کہ بھارتی پرچم لہرانا ان کا مقصد نہیں تھا، مگر اس واقعے سے اگر کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو وہ دل سے معذرت خواہ ہیں اور قوم سے معافی چاہتے ہیں۔
پاکستانی ریپر طلحہ انجم بھارتی پرچم لہرانے پر تنازعے کا شکار
یاد رہے کہ یہ واقعہ چار روز قبل پیش آیا جب طلحہ انجم نے نیپال میں پرفارمنس کے دوران بھارتی پرچم اپنے کاندھوں پر رکھ لیا تھا۔
اس عمل پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید ہوئی اور مداحوں نے سوال اٹھایا کہ جب بھارت نے پاکستان کے فنکاروں اور گلوکاروں پر پابندیاں لگائیں اور کشیدگی پیدا کی، تو پھر ایسے وقت میں بھارتی پرچم تھامنا کس طرح مناسب ہو سکتا ہے۔
