بالی وڈ کی نئی پاکستان مخالف فلم ‘دھریندر’ (Dhurandhar) کا ٹریلر جاری ہوتے ہی شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، سب سے زیادہ تنقید خود بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کی جارہی ہے۔
ٹریلر میں کراچی کے گنجان آباد علاقے لیاری کو ایک مکمل جنگ زدہ خطہ دکھایا گیا ہے۔ رنویر سنگھ، جو مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، کو لیاری میں یوں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے جیسے وہ کسی دشمن علاقے میں قدم رکھ رہے ہوں۔
فلم میں ان کا کردار بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا ایجنٹ ہے، جبکہ ارجن رامپال پاکستانی انٹیلیجنس کے ایک میجر کا کردار نبھا رہے ہیں۔
ٹریلر میں سیاسی علامتوں کی موجودگی نے بھی بحث چھیڑ دی ہے، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے جلسے کے مناظر، سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی تصاویر اور پیپلز پارٹی کے پرچم شامل ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی پاکستان مخالف سوچ ایک بار پھر بالی وڈ میں شدت سے جھلک رہی ہے۔ فلم میں سنجے دت کو مرحوم ایس ایس پی چوہدری اسلم اور اکشے کھنہ کو رحمان ڈکیت کے کردار میں کاسٹ کیے جانے پر خود بھارتی صارفین نے طنز و مزاح کا طوفان برپا کر دیا ہے۔
دسمبر کے اوائل میں ریلیز ہونے والی فلم ابھی سے ہی بالی ووڈ کیلئے سبکی کا باعث بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر اسے مسخ شدہ کہانی، ضرورت سے زیادہ سنسنی خیزی اور ناقص تصویر کشی کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے، اور بھارتی صارفین خود ہی فلم کو مذاق کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
