چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان سے جنگ کے بعد مودی منہ چھپا رہا ہے، ٹرمپ جہاں جاتا ہے بھارت کو 7 طیارے گرنے کا بتاتا ہے۔
مظفرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب عوام کا نمائندہ ان کی درست ترجمانی نہ کرسکے تو پھر عوام کو خود میدان میں آکر جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام جب احتجاج میں تھے، فیصل راٹھور اُن کے ساتھ کھڑے تھے اور اب مظفرآباد میں وہی عوام کے حقیقی نمائندہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصل راٹھور نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں، وہ ان کے پاس امانت ہیں اور پیپلزپارٹی بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائے گی۔
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عمران خان کو مسلط کیا گیا تھا، تاہم وہ خود آزاد کشمیر کے عوام کے پاس گئے اور انہیں مایوسی نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام سیاسی شعور میں ملک بھر سے آگے ہیں۔
بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جنگ کے بعد دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان نے کس بہادری سے دشمن کا جواب دیا، جبکہ بھارت عالمی فورمز سے کنی کترا رہا ہے۔
فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دینے جارہے ہیں، کسی کا باپ بھی 18ویں ترمیم ختم نہیں کرسکتا،بلاول
ان کا کہنا تھا کہ امریکا سمیت کئی ممالک مودی حکومت کو یاد دلائیں گے کہ ان کے سات جہاز تباہ ہوئے تھے۔
بلاول بھٹو نے الزام لگایا کہ بھارت پاکستان اور کشمیر کے مضبوط بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے، مگر مودی حکومت کو پیغام ہے کہ وہ نہ صرف جنگ میں ناکام ہوئے بلکہ ان کی سازشیں بھی ناکام ہوں گی۔
