پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کو خبردار کر دیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسے فون کسی بھی وقت نیٹ ورک سے بلاک ہو سکتے ہیں، کیونکہ ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے تحت صرف وہی ڈیوائسز چل پاتی ہیں جو باضابطہ طور پر رجسٹرڈ ہوں۔
ملک میں غیر رجسٹرڈ موبائل فون عام طور پر کم قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں کیونکہ ان پر ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی ادا نہیں کی جاتی، اسی لیے کم آمدنی والے صارفین انہیں خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
تاہم، پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ یہ ڈیوائسز نہ صرف بلاکنگ کے خطرے میں ہوتی ہیں بلکہ ان کے استعمال سے صارفین کی کنیکٹیویٹی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
موبائل فونز سے پی ٹی اے ٹیکس ختم کیا جائے، علی قاسم گیلانی نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو خط لکھ دیا
پی ٹی اے کے مطابق صارفین *#06# ڈائل کر کے اپنے فون کا 15 ہندسوں پر مشتمل آئی ایم ای آئی نمبر حاصل کریں اور پھر اسے پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا 8484 پر ایس ایم ایس کر کے اسٹیٹس چیک کریں۔
اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بلاک ہونے سے قبل ہی اپنی ڈیوائسز رجسٹر کروا لیں تاکہ نیٹ ورک کا استعمال بغیر رکاوٹ جاری رہے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا ہے کہ ذمہ دار ڈیجیٹل صارف کی حیثیت سے صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ موبائل فون ہی استعمال کیے جائیں، تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
