سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں 15 خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشن میں 15 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی اور شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیے گئے، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
کلاچی میں خارجیوں کے ٹھکانے پر کارروائی کے دوران خارجی سرغنہ عالم محسود سمیت 10 خارجی ہلاک کر دیئے گئے، شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 5 خارجی ہلاک ہوئے۔
الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ خارجیوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔ عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کلاچی، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور دتہ خیل ، ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
