وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق (chaudhry anwar ul haq)کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ۔
تحریک عدم اعتماد کے حق میں 36 اور مخالفت میں 2 ووٹ پڑے، فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے ۔
فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے 16 ویں وزیراعظم بن گئے۔اوپن رائےشماری کے ذریعے نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔
فیصل ممتاز راٹھور کی زندگی پر ایک نظر
فیصل ممتاز راٹھور 11 اپریل 1978 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ وہ آزاد کشمیر کے ایک نمایاں سیاسی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں۔
وہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے صاحبزادے ہیں، جبکہ ان کی والدہ بیگم فرحت راٹھور بھی قانون ساز اسمبلی کی رکن اور پیپلز پارٹی شعبۂ خواتین کی صدر رہ چکی ہیں۔
راٹھور خاندان پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی خاندانوں میں شمار ہوتا ہے اور برسوں سے آزاد کشمیر کی سیاست میں اثرورسوخ رکھتا ہے۔ فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی کے نظریاتی اور متوسط طبقے کی بھرپور نمائندگی کرتے ہیں۔ پارٹی قیادت میں بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کے قریبی اور بااعتماد رہنماؤں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
آزاد کشمیر کے وزیر بلدیات فیصل ممتاز راٹھور نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا
فیصل ممتاز راٹھور نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی میں حاصل کی اور گریجویشن پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔ ان کے والد ممتاز حسین راٹھور نے آزاد کشمیر کی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا اور 1975 کے بعد سینئر وزیر، 1990 میں وزیراعظم، 1991 میں اپوزیشن لیڈر اور 1996 میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی رہے۔
والد کے انتقال کے بعد 1999 میں ان کے بڑے بھائی مسعود ممتاز راٹھور اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے LA-17 حویلی کہوٹہ سے پہلی بار 2006 میں انتخاب لڑا اور 2011 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے۔
چوہدری عبدالمجید کی کابینہ میں وہ وزیر رہے۔ 2016 میں انہیں ایک سیاسی مقدمے میں گرفتار بھی کیا گیا مگر بعدازاں بے گناہ قرار پائے۔
23 مارچ 2017 کو انہیں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا ، وہ 2021 میں دوبارہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اپوزیشن میں فعال کردار ادا کیا۔
2023 میں چوہدری انوارالحق کی اتحادی حکومت میں انہیں وزیرِ بلدیات و دیہی ترقی بنایا گیا، جبکہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔
آزاد کشمیر کے شہریوں کیساتھ ناروا سلوک سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،طارق فضل
فیصل ممتاز راٹھور اپنی نرم گفتار، صلح جو اور غیر متنازعہ شخصیت کے باعث سیاسی و عسکری حلقوں اور عوام میں اچھی شہرت رکھتے ہیں۔
وہ قومی میڈیا کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور نجی ٹی وی پر مستقل پروگرام کرتے رہے ہیں۔
