وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی،رکن اسمبلی قاسم مجید نے تحریک عدم اعتماد پیش کی جس پر کچھ دیر میں رائے شماری ہو گی۔
پیپلز پارٹی نے فیصل راٹھور کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے 35 سے زائد ووٹوں کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں پیپلزپارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور کا آزاد کشمیر کے سولہویں جبکہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم کے طور پر انتخاب ہوگا۔
اس سے قبل وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ آج آزادی کا دن ہے، اس کو میں کیوں سیلیبریٹ نہ کروں؟؟ میں نے خود چھ ماہ پہلے جانے کا ارادہ کر لیا تھا۔
بولے کہ مجھے تقریباً ڈھائی سال کا وقت ملا۔ آج کا دن میں نے عقل و فکر استعمال کرکے، خود اپنے اوپر مسلط کیا ہے۔ نئے آنے والوں کیلیے نیک جذبات ہیں، کہ اللہ پاک ان کو کامیاب کرے۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر کا ایوان 53 ارکان پر مشتمل ہے، جس میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 27 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے اتوار 26 اکتوبر کی رات سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ایک ڈنر کا اہتمام کیا تھا جس میں قانون ساز اسمبلی کے 27 ارکان نے شرکت کی تھی۔
اسی روز آزاد کشمیر کے 10 وزرا جن کا تعلق پی ٹی آئی فارورڈ بلاک سے تھا، فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کا حصہ بن گئے، یوں پیپلز پارٹی کو ایوان میں سادہ اکثریت حاصل ہوگئی۔
