وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دونوں حملے خطے میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہیں۔
انہوں نے جی-11 کچہری میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم پراکسی عناصر کی جانب سے پاکستان کے نہتے شہریوں پر دہشتگردانہ حملے ناقابلِ قبول اور شدید مذمت کے مستحق ہیں۔
انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اسلام آباد کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کا خودکش دھماکا ، 12 افراد شہید ، 27 زخمی
وزیرِ اعظم نے وانا میں معصوم بچوں پر کیے گئے حملے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کی پشت پناہی اور افغان سرزمین سے جاری حملوں کی مذمت میں کوئی کمی نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم پاکستانیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ شہباز شریف نے بھارت کو انتباہ کیا کہ وہ خطے میں پراکسی حملوں کے ذریعے دہشتگردی پھیلانے کے مکروہ عمل سے باز رہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ بھارت کی مزموم سازشوں کی مذمت کرے، اور کہا کہ دونوں حملے خطے میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہیں۔
