سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیڈٹ کالج وانا میں چھپے خارجیوں کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز خارجی دہشت گردوں نے کیڈٹ کالج کے گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں گیٹ منہدم ہوگیا جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا۔ اس دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 3 دہشتگرد کالج کے ایڈمن بلاک میں محصور ہو گئے جن کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج میں موجود 3 خارجیوں کا تعلق افغانستان سے ہے جو مسلسل فون پر سرحد پار سے ہدایات لے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں خارجی کیڈٹ کالج کی جس عمارت میں چھپے ہوئے ہیں وہ طلبا کی رہائش گاہوں سے کافی فاصلے پر واقع ہے۔
عمارت کو محفوظ طریقے سے کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے اور فورسز انتہائی مہارت سے آپریشن سرانجام دے رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے بعد ہی کارروائی ختم کی جائے گی۔
