پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر وہاب ریاض پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی جلد ہی وہاب ریاض کی تقرری کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمنز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے، اور نئی تقرریاں آئندہ سیریز سے قبل عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ وہاب ریاض اس سے قبل قومی مینز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور قومی ٹیم کے سینیئر منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ حال ہی میں ڈومیسٹک چیمپئنز کپ کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے کوچنگ لیول ٹو کورس مکمل کر رکھا ہے، جس کے بعد وہ کوچنگ کے شعبے میں باضابطہ طور پر قدم رکھنے کے اہل ہیں۔
یاد رہے کہ محمد وسیم کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد ہیڈ کوچ کا عہدہ فی الحال خالی ہے، اور ممکنہ طور پر وہاب ریاض کی تعیناتی اسی تناظر میں پی سی بی کی مستقبل کی کوچنگ حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
