لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے نیا ٹریفک لائسنس پوائنٹس سسٹم متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔
پنجاب حکومت کا نیا ٹریفک لائسنس پوائنٹس سسٹم دبئی جیسے جدید ٹریفک مانیٹرنگ ماڈل کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت ہر ٹریفک خلاف ورزی پر ڈرائیور کے لائسنس سے دو سے چار پوائنٹس منفی کیے جائیں گے۔
اگر کسی شہری کے خلاف ایک سال میں 20 پوائنٹس کٹ جائیں تو اس کا ڈرائیونگ لائسنس دو ماہ سے لے کر ایک سال تک معطل کیا جا سکے گا۔ یہ مدت خلاف ورزی کی سنگینی اور تکرار پر منحصر ہو گی۔
ٹریفک حکام کے مطابق یہ نیا پوائنٹس بیسڈ سسٹم ان ڈرائیورز کے لیے سخت احتسابی اقدام ہے۔ جو بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اوور اسپیڈنگ اور سنگنل توڑنے کی صورت میں 4 پوائنٹس منفی کیے جائیں گے۔ اور اس کے علاوہ مالی جرمانہ بھی الگ سے کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئے ٹریفک قوانین کا مقصد شہریوں میں محتاط اور محفوظ ڈرائیونگ کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ اس نظام کے تحت جرمانے صرف مالی سزا تک محدود نہیں رہیں گے۔ بلکہ ان کے طویل المدتی اثرات بھی سامنے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں 10 ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گھر بنا کر مثال قائم کر دی، وزیر اعلیٰ پنجاب
ماہرین کے مطابق یہ دوہرا جرمانہ نظام لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے رحجان کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو گا۔ اور صوبے بھر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنائے گا۔
