اسلام آباد: جرمنی نے پاکستان کے لیے 11 کروڑ 40 لاکھ یورو (تقریباً 131 ملین امریکی ڈالر) کی نئی مالی و تکنیکی معاونت کا اعلان کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے پاک جرمنی دو طرفہ ترقیاتی تعاون مذاکرات کے دوران پاکستان کے لیے پیکج کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان کی وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری حمیر کریم اور جرمن وزارت اقتصادی تعاون و ترقی کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں جرمن سفیر انا لپیل اور پاکستانی سفیر برائے جرمنی ثقلین سیدہ بھی شریک ہوئیں۔
پاکستان کے لیے اعلان کردہ امداد موجودہ مالی سال کے دوران فراہم کی جائے گی۔ اور اس کا مقصد ماحول کے تحفظ، توانائی، پائیدار معاشی ترقی، فنی تربیت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
حمیر کریم نے پاکستان میں جرمنی کے قابل تجدید توانائی منصوبوں، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے میں کردار کو سراہا۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ تعاون پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام اُڑان پاکستان کے اہداف کے مطابق ہونا چاہیے۔
جرمن ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی ماحولیاتی تبدیلی، معاشی استحکام اور سماجی شمولیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں 10 ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گھر بنا کر مثال قائم کر دی، وزیر اعلیٰ پنجاب
اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پاکستان جرمنی مذاکرات 2025 کے نتائج پر دستخط کیے۔ اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ طے ہوا کہ اگلا اجلاس 2027 میں برلن میں منعقد کیا جائے گا۔
