قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان(muhammad rizwan) کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی میرے لیے پہلے بھی کپتان تھا اور اب بھی ہے۔ کچھ چیزیں آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتیں، یہ منیجمنٹ اور سلیکٹرز کے فیصلے ہوتے ہیں، میرے ہاتھ میں صرف محنت کرنا ہے جو میں کررہا ہوں ۔
بشکریہ پی سی بی یوٹیوب چینل
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی کپتانی میں تمام پلیئرز ہی کپتان تھے۔
شاہین آفریدی پہلے بھی کپتان تھا اور اب بھی کپتان ہے اس لیے مجھے زیادہ فرق نہیں پڑا اور نہ ہی ہمارے رشتے میں کوئی فرق آیا ہے، اب بھی جو سمجھ آرہا ہے وہ شاہین کو مشورہ دے رہا ہوں۔

ٹاس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم سب کا یہی خیال تھا کہ ٹاس جیتنے کے بعد یہاں پہلے باؤلنگ کرنا ہی بہتر ہوگا کیوںکہ بعد میں اوس پڑتی ہے جس کی وجہ سے باؤلنگ کروانا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔

اچھی اننگز کھیلنے کے باوجود میچ فنش نہ کرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بالکل درست ہے، میں نے اور سلمان علی آغا نے اچھی اننگز کھیلی اور ہمیں میچ کو فنش کرنا چاہیے تھا۔
پچ بہت مشکل ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو بھی سمجھ نہیں آرہی تھی کہ پچ کا رویہ کیسا ہے، ہم نے کوشش کی تھی کہ میچ کو آخر تک لے جائیں مگر کچھ غلطیاں ہوئی جس سے سیکھنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے تین میچز کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

