امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے میئر کے انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ڈیموکریٹ امیدوار زہران ممدانی جیتے تو وہ شہر کے وفاقی فنڈز روک دیں گے۔
ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ “چاہے آپ کو اینڈریو کومو پسند ہوں یا نہیں، آپ کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ آپ کو انہی کو ووٹ دینا ہوگا، امید ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے، ممدانی ایسا نہیں کر سکتے۔”
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا کو ووٹ دینا دراصل ممدانی کی مدد کرنے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “اگر کمیونسٹ امیدوار زہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوئے تو میں اپنے پیارے شہر کے لیے وفاقی فنڈز صرف قانونی حد تک ہی جاری کروں گا، اس سے زیادہ نہیں۔”
وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق، مالی سال 2026 میں نیویارک سٹی کو تقریباً 7.4 بلین ڈالر وفاقی فنڈز ملنے ہیں، جو شہر کے کل اخراجات کا تقریباً 6.4 فیصد بنتے ہیں۔
اینڈریو کومو، جو کبھی ڈیموکریٹک پارٹی کے مقبول رہنما سمجھے جاتے تھے، ممدانی سے پارٹی کے اندرونی انتخابات ہارنے کے بعد اس بار آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
زہران ممدانی، جو 34 سالہ یوگنڈا نژاد ریاستی اسمبلی کے رکن ہیں، نے اپنی مہم کے دوران نوجوان اور ترقی پسند ووٹروں کو متحرک کیا ہے، تاہم ان کے سوشلسٹ نظریات نے معتدل ڈیموکریٹس اور مالیاتی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
View this post on Instagram
ممدانی نے ٹرمپ کے اینڈریو کومو کے حق میں بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، “میگا (MAGA) تحریک کا اینڈریو کومو کو گلے لگانا اس بات کی علامت ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ وہ ان کے لیے بہترین میئر ہوں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ٹرمپ اور کومو ایک جیسے ہیں، ان کو چندہ دینے والے، ان کی سوچ، اور ان کا احساسِ برتری، سب ایک جیسے ہیں۔”
