تہران: ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا جب تک اسرائیل کی حمایت جاری رکھے گا۔ اس کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل کی مسلسل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں فوجی اڈے برقرار رکھنے پر امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکی کبھی کبھار یہ کہتے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن جب تک وہ اسرائیل کی حمایت جاری رکھیں گے اور مشرق وسطیٰ میں اپنے فوجی اڈے اور مداخلت ختم نہیں کریں گے۔ اس وقت تک کسی مذاکرات کی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اور ایسے ملک سے تعلقات قائم نہیں کرسکتا جو خطے میں بدامنی اور اسرائیل کی حمایت کا ذمہ دار ہو۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای میں قومی پرچم کی بےحرمتی پر 25 سال قید، 5 لاکھ درہم جرمانے کا اعلان
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جب ایران تیار ہو گا تو امریکا بات چیت اور تعاون کے لیے تیار ہے۔ ہماری طرف سے دوستی اور تعاون کے دروازے کھلے ہیں۔
