کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔
شہر قائد میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر سخت کارروائی کا اعلان کر دیا گیا۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا حکم دے دیا۔ ان جرمانوں کی حد 50 ہزار روپے تک ہو سکتی ہے۔
نئے قانون کے مطابق موٹرسائیکل سوار کو بغیر لائسنس پکڑے جانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ جبکہ لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (ایل ٹی وی) ڈرائیور پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل (ایچ ٹی وی) ڈرائیور کے لیے جرمانہ 50 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
مذکورہ عائد کردہ جرمانے پورے سندھ میں لاگو ہوں گے۔ اور اس کے علاوہ، سڑکوں پر حادثات کم کرنے کے لیے کراچی کی بڑی شاہراہوں پر نئی رفتار کی حدیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔
موٹر سائیکل اور ایل ٹی وی گاڑیاں زیادہ سے زیادہ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکیں گی۔ جبکہ ہیوی گاڑیوں کے لیے حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں اسپیڈ مانیٹرنگ کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔ جو خودکار طریقے سے خلاف ورزیوں کا ریکارڈ رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کے 7ویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
10 ہزار ہیوی گاڑیوں میں جی پی ایس ٹریکرز بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ جو ٹریکس سسٹم سے منسلک ہوں گے۔ تاکہ ان کی نقل و حرکت پر حقیقی وقت میں نظر رکھی جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد ذمہ دار ڈرائیونگ کو فروغ دینا اور سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا ہے۔
