بھارتی ریاست تریپورہ کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور ریاستی ٹیم کے کپتان راجیش بانک( Rajesh Banik) سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ حادثہ مغربی تریپورہ کے علاقے آنند نگر میں پیش آیا۔ تریپورہ کرکٹ ایسوسی ایشن (TCA) کے ایک عہدیدار کے مطابق، بانک کی عمر 40 سال تھی۔ وہ اپنے والد، والدہ اور بھائی کو سوگوار چھوڑ گئے۔
پی ٹی آئی کے مطابق راجیش بانک نے 02-2001 کے سیزن میں رنجی ٹرافی میں تریپورہ کی نمائندگی سے اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنے وقت کے نمایاں بلے بازوں میں شمار کیے جاتے تھے اور بعد ازاں ریاستی انڈر 16 ٹیم کے سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
سابق بھارتی کرکٹر اظہر الدین وزیر بن گئے
راجیش بانک 12 دسمبر 1984 کو پیدا ہوئے۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے تھے اور کبھی کبھار لیگ اسپن بولنگ بھی کرتے تھے۔ انہوں نے تریپورہ کی جانب سے 42 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جن میں 1469 رنز 19.32 کی اوسط سے بنائے۔ علاوہ ازیں، انہوں نے 24 لسٹ اے میچز میں 378 رنز اور 18 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 203 رنز اسکور کیے۔ ان کا کرکٹ کیریئر 2002-2001 سے 2018-2017 تک پھیلا ہوا تھا۔
بانک عرفان پٹھان اور امباتی رائیڈو کے ہم عصر تھے اور 2000 میں کوالالمپور میں ہونے والے ایشیائی انڈر 15 ٹورنامنٹ میں ان کے ساتھ بھارتی ٹیم کا حصہ رہے۔ اسی سال وہ بھارت کی انڈر 15 ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کے دورے پر بھی گئے جہاں ایک بار پھر رائیڈو اور پٹھان ان کے ساتھی کھلاڑی تھے۔
انہوں نے اپنے کریئر کے دوران متعدد گھریلو ٹورنامنٹس میں تریپورہ کی نمائندگی کی، جن میں وجے مرچنٹ ٹرافی، وجے ہزارے ٹرافی، سی کے نائیڈو ٹرافی، ایم اے چدمبرم ٹرافی، بُچی بابو انویٹیشنل، کوچ بہار ٹرافی اور نیشنل انڈر 25 ٹورنامنٹ شامل ہیں۔
ان کی وفات پر تریپورہ کی سینئر ٹیم، جو اس وقت رنجی ٹرافی میچ میں بنگال کے خلاف اگرتلہ میں مصروف ہے، نے سیاہ پٹیاں باندھ کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آسٹریلیا کا نوجوان کرکٹر پریکٹس سیشن کے دوران گیند لگنے سے ہلاک
تریپورہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سبراتا ڈے نے کہا، “یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے۔ ہم نے ایک باصلاحیت کرکٹر اور نوجوان ٹیلنٹ کے سلیکٹر کو کھو دیا ہے۔ خُدا ان کی روح کو سکون دے۔”
تریپورہ اسپورٹس جرنلسٹس کلب کے سیکریٹری انربن دیب نے بھی بانک کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان میں نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ پہچاننے کی غیر معمولی صلاحیت تھی، اسی وجہ سے انہیں انڈر 16 ٹیم کا سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔
