ملک میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ نے انسانی زندگیوں کے لیے شدید خطرات پید اکر دیے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ وائرس 2 افراد کی جان لے چکا ہے۔
سندھ کے ہیلتھ ڈایپارٹمنٹ کے مطابق کراچی میں ایک 30 سالہ خاتون اور 65 سالہ مرد ڈینگی بخار سے وفات پا گئے ہیں۔ ان اموات کے بعد ملک میں ڈینگی بخار سے مرنے والے کل مریضوں کی تعدا 6 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے
سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ڈینگی کے 5 ہزار 180 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1 ہزار 411 کیسز مثبت آئے،رپورٹ
رپورٹ کے مطابق کراچی ڈویژن میں 3 ہزار 397 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 618 مثبت… pic.twitter.com/le2plVoGn5
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) November 1, 2025
صرف کراچی اور حیدر آباد سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1411 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک کے باقی حصے بھی متاثر
اگرچہ ڈینگی نے کراچی اور حیدرآباد کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے لیکن ملک کے باقی حصوں میں بھی اس کے حملے جاری ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 38 نئے ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے۔
ان میں لاہور میں 3، راولپنڈی میں 15 اور فیصل آباد میں 6 مریض شامل ہیں۔
لاہور میں ڈینگی کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 565 تک پہنچ گئی جبکہ پورے پنجاب میں یہ تعداد 3,074 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 17 رورل ایریاز اور 6 اربن ایریاز سے تعلق رکھتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے ہیں۔
انسداد ڈینگی مہم کے تحت گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2700 سے زائد مقامات پر فوگنگ مکمل، 42 ہزار 734 جگہوں کا معائنہ کر لیا گیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 27 نئے کیسز، دوران چیکنگ 274 مقامات کا لاروا پازیٹیو اور 9 پر نیگیٹو رپورٹ ہوا، شہریوں سے انسداد ڈینگی SOP’s پر عمل درآمد کی اپیل
— DC Islamabad (@dcislamabad) October 31, 2025
انسداد ڈینگی مہم کے تحت اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت 67 مریض زیرِ علاج ہیں۔
انسداد ڈینگی ٹیموں نے شہر کے حساس علاقوں میں 861 مقامات پر فوگنگ اور 1,142 مقامات پر اسپرے کا عمل مکمل کیا۔
اس کے علاوہ، شہر کے مختلف حصوں میں 30,137 انسپکشنز کی گئیں اور 185 پازیٹیو ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی ٹیمز کو روزانہ کی رپورٹ پیش کرنے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔
پبلک مقامات پر آگاہی بینرز اور انفارمیشن بورڈز نصب کیے گئے ہیں اور متعدد افراد کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے۔
انتظامیہ شہریوں پر زور دے رہی ہے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
