اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت کے ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کیلئے حفظانِ صحت سے متعلق نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں، جن کے تحت اب تمام شیف، ویٹرزاورفوڈ سے ڈیل کرنے والے عملے کیلئے سیفٹی کیپ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئی ایس او پیزمیں واضح طورپرکہا گیا ہے کہ کھانے کی تیاری اورپیشکش کے دوران عملہ کیپ کے بغیر کام نہیں کر سکے گا۔
یہ اقدام شہریوں کوصحت مند اورمعیاری کھانا فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ کھانے کی تیاری کے دوران صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل ہو۔
پنجاب حکومت کیجانب سے وال چاکنگ پر پابندی عائد، تجاوزات کو خوبصورتی میں ڈھالنے کا فیصلہ
فوڈ اتھارٹی کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ فوڈ پوائنٹ یا ریسٹورنٹ کو فوری طور پرسیل کردیا جائے گا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگرکسی ریسٹورنٹ میں عملہ بغیرکیپ کے کام کرتا نظرآئے تو فوراً فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرپرائزانسپکشنزکریں اور ایس او پیز پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ صاف ستھرا کھانا فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ صحت مند اسلام آباد کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے اورکسی بھی ادارے کو صفائی کے معیارپرسمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
