وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 185 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 1 روپیہ 22 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 163 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے نافذ رہیں گی۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، امارات میں کمی
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو ہفتوں کے لیے اضافے کا اعلان کیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 43 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 45 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث کیا گیا ہے تاکہ مقامی نرخوں کو بین الاقوامی رجحانات سے ہم آہنگ رکھا جا سکے۔
