صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین ہمارا دوست اور شراکت دار ملک ہے، سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے۔
گلگت میں یومِ آزادی گلگت بلتستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان میرا گھر ہے اور یہاں کے عوام کی بہادری کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ یکم نومبر 1947 کو یہاں کے بہادر عوام نے قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی، ہم جنگِ آزادی میں شہادت پانے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
بولے کہ گلگت بلتستان سیاحت کے لحاظ سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ یہاں کے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں، اب ضرورت ہے کہ گلگت بلتستان کی اپنی ایئر لائن ہو تاکہ سیاحت اور تجارت کو مزید فروغ ملے۔
صدر زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پہاڑ معدنیات سے مالا مال ہیں اور یہاں کے عوام ملکی ترقی میں کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہے ہیں۔
آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کی راہ ہموار، صدرآصف زرداری نے عدم اعتماد کی منظوری دیدی
انہوں نے بھارت میں مسلمانوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں صدر زرداری نے کہا کہ چین ہمارا آزمودہ دوست اور مضبوط شراکت دار ہے۔ سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا مظہر ہے، جس کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح ترقی یافتہ دیکھنا چاہتی ہے تاکہ یہاں کے عوام خوشحال اور ملک کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں۔
دوسری طرف وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام اور پوری قوم کو گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے جرات، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن اس عظیم قربانی، عزم اور وطن سے محبت کی یاد دلاتا ہے جس نے خطے کی تاریخ بدل دی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق سیاحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے شعبوں میں جاری منصوبے علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے تمام مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی آزادی، اتحاد اور ترقی کے سفر کو نئی توانائی اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ گلگت بلتستان اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔
