آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے تحت ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان میں کراچی کے طلبا نے سندھ بھر میں سبقت حاصل کرلی۔
ابتدائی نتائج کے مطابق پہلی تینوں پوزیشنز کراچی کے حصے میں آئیں جبکہ ٹاپ 10 امیدواروں میں سے بھی 41 طلبا کراچی سے تعلق رکھتے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ رزلٹ کے مطابق سندھ بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز سے اے ون اور اے گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی اکثریت امتحان میں کامیابی حاصل نہ کرسکی۔
ایم بی بی ایس کے 56 فیصد اور بی ڈی ایس کے 48 فیصد امیدوار ٹیسٹ میں ناکام قرار پائے۔
اس کے علاوہ 14 ہزار 300 امیدواروں نے 55 فیصد (99 نمبر) یا اس سے زائد حاصل کر کے ایم بی بی ایس کے لیے کامیابی حاصل کی، جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 17 ہزار 123 امیدواروں نے 50 فیصد (90 نمبر) یا اس سے زائد اسکور کیا۔
پوزیشن ہولڈرز
کراچی ضلع غربی کے سید محمود خان ولد عدالت خان نے 180 میں سے 175 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
دوسری پوزیشن کراچی کورنگی کے فیصل اشرف خان ولد نوید اشرف خان اور قمبر شہداد کوٹ کے شیراز حسین ولد نیاز حسین مغیری نے 174 نمبر کے ساتھ مشترکہ طور پر حاصل کی۔
تیسری پوزیشن 173 نمبروں کے ساتھ کراچی شرقی کے محمد ریان ہمایوں، کورنگی کی ماہ نور شاہنواز اور حیدرآباد کی حرا عابد نے حاصل کی۔
وائس چانسلر آئی بی اے سکھر یونیورسٹی ڈاکٹر آصف شیخ کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2025 کے عبوری نتائج کیخلاف شکایات درج کرانے کے لیے امیدواروں کو آج شام 5 بجے تک مہلت دی گئی ہے۔
حتمی نتائج کل یعنی اتوار کی شام جاری کر دیے جائیں گے۔
