برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے سنگین الزامات لگنے کے بعد اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ اینڈریو سے ‘پرنس’ کا لقب واپس لیتے ہوئے انہیں شاہی رہائش گاہ رائل لاج خالی کرنے کا حکم دیدیا۔
بکنگھم پیلس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرنس اینڈریو اب اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کے نام سے جانے جائیں گے ، ان کے نام کیساتھ اب پرنس استعمال نہیں کیا جائے گا۔
شاہ چارلس نے میئر لندن صادق خان کو نائٹ کے اعزاز سے نواز دیا
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات ضروری سمجھے گئے ہیں، رپورٹس کے مطابق بادشاہ چارلس نے یہ فیصلہ شاہی خاندان کی ساکھ کو محفوظ رکھنےکے لیے کیا ہے۔
یاد رہے کہ شہزادہ اینڈریو پر جنسی جرائم میں ملوث جیفری ایپسٹین سے تعلقات پر طویل عرصے سے تنقید جاری تھی اور کئی ہفتوں سے شہزادہ اینڈریو کو ان کی جیفری ایپسٹین سے دوستی اور جنسی اسکینڈل کے باعث شاہی خاندان سے الگ کرنے کا مطالبہ بڑھ رہا تھا۔
اینڈریو جنسی الزامات کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں ڈیوک آف یارک سمیت دیگر شاہی القابات سے دستبردار ہو گئے تھے، پرنس اینڈریو نے بیان میں کہا تھا کہ وہ اب بھی پرنس کے طور پر جانے جائیں گے لیکن وہ آئندہ اپنے شاہی خطابات استعمال نہیں کریں گے۔
انور مقصود کو کینیڈا حکومت نے کِنگ چارلس پِن ایوارڈ سے نواز دیا
واضح رہے یہ اقدام امریکی خاتون شہری ورجینیا رابرٹس گیفری کی کتاب کی اشاعت کے بعد سامنے آیا ہے جس میں گیفری نے الزام عائد کیا کہ شہزادہ اینڈریو نے 2001ء میں 3 مختلف مقامات لندن، نیویارک اور یو ایس ورجن آئلینڈز میں اسے اس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ محض 17 سال کی تھیں۔
