آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ(ICC Women’s World Cup) کے دوسرے سیمی فائنل میں (australia women vs india women) بھارت نے سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، بھارت اور جنوبی افریقا 2 نومبر کو فائنل میں مدمقابل ہونگے۔
آسٹریلیا نے جیت کیلئے 339رنز کا ہدف دیا تھا،بھارت نے مطلوبہ ہدف 9 گیندوں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بھارت کی تاریخی جیت میں اسٹار بیٹر جمیما روڈریگز کی شاندار اننگز شامل تھی ۔انہوں نے 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد جمیما نے کہا، “میں سب سے پہلے یسوع کا شکر ادا کرنا چاہتی ہوں، یہ سب میں اکیلے نہیں کر سکتی تھی۔ اپنے والدین، کوچ اور ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھ پر یقین رکھا۔”
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں آخری لمحے تک معلوم نہیں تھا کہ وہ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے جا رہی ہیں۔ “میں شاور لے رہی تھی جب بتایا گیا کہ میں تین پر بیٹنگ کروں گی۔ بس پانچ منٹ پہلے پتا چلا۔ لیکن میرے لیے یہ ذاتی کامیابی کا لمحہ نہیں تھا میں صرف بھارت کو جتوانا چاہتی تھی۔”
ویمنز ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ایونٹ سے باہر کر دیا
جمیما نے اپنی حالیہ مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلا مہینہ ان کے لیے بے حد کڑا رہا۔ “گزشتہ سال ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ ہونا میرے لیے بہت بڑا دھچکا تھا۔ اچھی فارم میں تھی مگر حالات قابو سے باہر تھے۔ میں اس پورے عرصے میں تقریباً روز روئی ، ذہنی دباؤ اور بےچینی کا شکار تھی، لیکن جانتی تھی کہ خدا میرے ساتھ ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ اننگز کے دوران وہ خود سے باتیں کرتی رہیں، اور آخر میں ایک بائبل کی آیت دہراتی رہیں’’خاموش رہو، خدا تمہارے لیے لڑے گا۔‘‘میں صرف کھڑی رہی، اور اس نے سب کچھ میرے لیے کر دیا۔”
جمیما نے کہا کہ جب ہرمندپریت کور ان کے ساتھ بیٹنگ کے لیے آئیں تو وہ صرف ایک اچھی پارٹنرشپ چاہتی تھیں۔ “آخر میں میں خود کو مزید دھکیل نہیں پا رہی تھی، مگر دیپتی شرما ہر گیند پر حوصلہ دیتی رہیں۔ جب میں نہیں چل پاتی، میری ٹیم مجھے اٹھا لیتی ہے۔”

آخر میں جمیما نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “جو بھی نعرے لگا رہے تھے، ہر رن پر جوش سے چیخ رہے تھے، ان سب نے مجھے حوصلہ دیا۔ یہ جیت میری نہیں، پورے بھارت کی جیت ہے۔”
آسٹریلوی کپتان
بھارت کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کے بعد آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان الیسا ہیلی نے کھلے دل سے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم نے اپنی غلطیوں کی بدولت میچ ہاتھ سے جانے دیا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ہیلی نے کہا، “آخر میں یہ ایک زبردست مقابلہ تھا، لیکن ہمیں خود سے شکایت ہے۔ بیٹنگ میں اچھی شروعات کے باوجود اختتام بہتر نہیں کیا، بالنگ میں بھی تسلسل نہیں رہا، اور فیلڈنگ میں اہم کیچز چھوڑے۔ نتیجتاً ہم خود کو ہی مشکل میں ڈال بیٹھے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں لگا تھا کہ ٹیم نے آدھا کام مکمل کر لیا تھا۔ “ہم نے کچھ رنز کم کئے، لیکن یقین تھا کہ اگر گیند سے اچھی کارکردگی دکھائیں اور موقعوں کا فائدہ اٹھائیں تو جیت ہماری ہو سکتی ہے۔ تاہم، بھارت نے اعصاب پر قابو رکھا اور بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔”
الیسا ہیلی نے نوجوان اوپنر لِچ فیلڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “اس نے لاجواب اننگز کھیلی، شروعات میں ٹیم کو مضبوط بنیاد دی اور سنچری اسکور کی۔ آنے والے چار سالوں میں ایسی کارکردگی دیکھنا دلچسپ ہوگا۔ ٹیم میں تبدیلیاں آئیں گی اور اگلا سائیکل پرجوش انداز میں شروع ہوگا۔”
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچ میں غیر معمولی اسٹمپ آئوٹ
انہوں نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ایش گارڈنر نے شاندار ٹورنامنٹ کھیلا، سب نے اپنا حصہ ڈالا، اسی لیے یہ ہار زیادہ دکھ دینے والی ہے۔ ہم نے مواقع بنائے مگر ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکے اور میں خود بھی اس کی ذمہ دار ہوں۔”
الیسا نے کہا کہ آسٹریلیا ہمیشہ اپنی پروفیشنلزم اور فیلڈنگ کے معیار پر فخر کرتا ہے، مگر اس بار ٹیم خود کو مایوس کر بیٹھی۔ “یہ ناکامی ہمیں بہت کچھ سکھائے گی، ہم سیکھیں گے اور بہتر ہو کر لوٹیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے پورے ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، لیکن سیمی فائنل جیسے ناک آؤٹ میچ میں معمولی کوتاہی بھی مہنگی پڑ جاتی ہے۔ “اس وقت دل دکھا ہوا ہے، لیکن فخر بھی ہے کہ ہم نے اتنی عمدہ کرکٹ کھیلی۔”
ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پر الیسا نے واضح کیا، “میں اگلے ون ڈے ورلڈ کپ میں موجود نہیں ہوں گی، لیکن اسی میں اس نئے دور کی خوبصورتی ہے۔ میں اگلی نسل کو آگے بڑھتا دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔ ہماری ٹیم کا مستقبل روشن ہے۔”
بھارتی کپتان:
بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے سیمی فائنل میں یادگار جیت کے بعد جذباتی انداز میں کہا کہ یہ لمحہ برسوں کی محنت، یقین اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ہرمن پریت نے کہا، “میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی کہ اس وقت کیا محسوس کر رہی ہوں۔ یہ وہ لمحہ ہے جس کے لیے ہم برسوں سے کام کر رہے تھے۔ اس بار ہم نے وہ لکیر پار کر لی ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ جیت کے فوراً بعد ہیڈ کوچ سے ان کی بات ہوئی۔ “ہم نے ایک دوسرے سے کہا کہ یہ کامیابی ہماری محنت اور یقین کا صلہ ہے۔ ہم دونوں اس ٹیم پر فخر محسوس کر رہے ہیں، کیونکہ ہمیں ہر کھلاڑی پر بھروسہ ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال میں میچ جتا سکتی ہے۔”
ہرمن پریت نے بتایا کہ ٹیم نے اپنی پچھلی غلطیوں سے سیکھا۔ “انگلینڈ کے خلاف میچ میں ہم نے دیکھا کہ 2-3 اوورز کی تاخیر ہمیں نقصان دے گئی۔ اس بار ہم نے فیصلہ کیا کہ حساب کتاب سے کھیلنا ہے، آخری پانچ اوورز میں خاص توجہ رکھنی ہے۔ اسی پلان نے ہمیں میچ جتوانے میں مدد کی۔”
انہوں نے جمیما روڈریگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “جمیما ہمیشہ ٹیم کے لیے ذمہ داری لیتی ہے۔ وہ ہر گیند پر حساب رکھتی ہے ، کتنے رنز ہوئے، کتنی گیندیں باقی ہیں۔ اس کی فوکس اور پرسکون انداز نے ہمیں کامیابی دلائی۔ میں اس کے ساتھ بیٹنگ کر کے لطف اندوز ہوئی، وہ واقعی شاندار تھی۔”
ویمنز ورلڈ کپ،آسٹریلیا نے بھارت کو 3وکٹوں سے شکست دے دی
بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹیم کی نظریں اب ورلڈ کپ فائنل پر ہیں۔ “ہم جانتے ہیں کہ ابھی ایک اور میچ باقی ہے۔ ہم نے آج کی جیت کا جشن تو منایا، مگر اسی وقت اگلے میچ پر بات شروع کر دی۔
انہوں نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “ہم تنہا نہیں کھیل رہے، ہمارے ساتھ پورا ملک ہے۔ ہر میچ میں شائقین کا جوش ہمیں طاقت دیتا ہے۔ جب ہم ہارے بھی، تب بھی پیغامات آتے رہے کہ یہ ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا۔ پورا بھارت ہمارے ساتھ ہے۔”
یاد رہے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دیکر جنوبی افریقا نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
