اسلام آباد، وزیردفاع خواجہ آصف سے امریکی سفارتخانے کی ناظمالامور نٹالی بیکر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی اور بڑھتی ہوئی گرمجوشی کوسراہا گیا۔
خواجہ آصف نے اس موقع پرکہا کہ پاکستان اورامریکا کے تعلقات باہمی احترام اوراعتماد پرمبنی ہیں دونوں ممالک استحکام، خوشحالی اورعلاقائی امن کے مشترکہ مقاصد کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی اورعلاقائی سطح پر ذمہ دارانہ کردارادا کر رہا ہے اورامریکا کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
پاکستان نے امن کیلئے تمام راستے آزمائے، کابل نے مثبت جواب نہیں دیا، خواجہ آصف
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتارپراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی اورسیکیورٹی امورمیں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اس بات پراتفاق کیا کہ خطے میں پائیدارامن کے لیے ایک مستحکم اور پرامن افغانستان ناگزیر ہے۔
افغان سرزمین سے درپیش چیلنجزاوردہشتگردی کے خطرات سے مؤثر طورپرنمٹنے کے لیے تعاون جاری رکھنے پربھی اتفاق کیا گیا۔
وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے تمام فریقوں سے مثبت روابط برقراررکھنا چاہتا ہے، ملاقات خوشگوارماحول میں ہوئی اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
