جنوبی بھارت کے معروف اداکار چرن جیوی نے ان کے نام سے منسوب اے آئی سے تیار کردہ فحش ویڈیوز کے خلاف پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 70 سالہ اداکار کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے اور وہ تیلگو فلم انڈسٹری میں کئی دہائیوں سے سرگرم ہیں۔
چرن جیوی کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیوز ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مقصد سے بنائی گئی ہیں۔ ان کی شکایت پر حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی ڈیپ فیک اور فحش مواد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق زیرِ تفتیش ویڈیوز میں اداکار کو جعلی انداز میں بے ہودہ مناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ چرن جیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تمام مواد بدنیتی پر مبنی ہے اور اس کا مقصد انہیں غیر اخلاقی انداز میں پیش کرکے عوام میں بدنام کرنا ہے۔
ستیش شاہ کی موت کیسے ہوئی؟ ساتھی اداکار نے اصل وجہ بتادی
انہوں نے مزید کہا کہ دہائیوں کی محنت سے بنائی گئی میری ساکھ کو متاثر کرنے والے اس عمل نے مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کیا ہے، جبکہ عوام کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کیس ڈیپ فیک اور سائبر ہراسانی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا حصہ ہے، اور اس معاملے کی تحقیقات فوری طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔
