امریکی ریاست ٹینیسی میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک


امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر کلیولینڈ میں ایک پلاسٹک فیکٹری میں فائرنگ کے واقعے میں 2 غیر ملکی ملازمین ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور فیکٹری کا سابق ملازم تھا جس نے بعد ازاں خودکشی کر لی۔

کلیولینڈ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بارکو پلاسٹکس (Barku Plastics) کے پلانٹ میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ٹوبیاس گلینِگ اور ایوان ایلڈرگاٹ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں افراد فیکٹری میں سپروائزر کے عہدے پر فائز تھے اور ان کا تعلق جرمنی سے تھا۔

پولیس کیپٹن ایوی ویسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ صبح تقریباً ساڑھے دس بجے فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی۔ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو دونوں سپروائزر مردہ حالت میں پائے گئے۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے ایک مشتبہ شخص کی گاڑی بریڈلی کاؤنٹی کے ایک گھر کے باہر کھڑی پائی۔

پولیس اور بریڈلی کاؤنٹی شیرف آفس کی ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیم نے کئی گھنٹوں تک گھر کا محاصرہ کیے رکھا۔ بعد ازاں ڈرون اور روبوٹس کے ذریعے اندرونی معائنہ کرنے پر مشتبہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا، جس نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔

کلیولینڈ پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہم مسٹر گلینِگ اور مسٹر ایلڈرگاٹ کے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھی کارکنوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ ایک نہایت المناک وقت ہے جس نے پوری کمیونٹی کو غمزدہ کر دیا ہے۔”

پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کا نام میڈیکل ایگزامینر کی رپورٹ کے بعد جاری کیا جائے گا۔ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ مرنے والا شخص فیکٹری کا سابق ملازم تھا۔

کلیولینڈ شہر کی آبادی تقریباً پچاس ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور یہ چٹانوگا سے مشرق کی سمت تقریباً 32 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

بارکو پلاسٹکس، جرمنی کی معروف کمپنی بارکو کنسٹو فٹیکنِک (Barku Kunststofftechnik) کی ذیلی شاخ ہے، جو 1977 میں قائم کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں